بنگلورو، 6؍ ستمبر (ایس او نیوز) ریاست کی بی جے پی حکومت نے اپنے 2 ریاستی وزراء اور چیف منسٹر بی ایس یڈی یورپا کے سیاسی معتمد کے خلاف درج مقدمہ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ ان مقدمات میں اقدام قتل اور زدوکوب کے کیسس بھی شامل ہیں۔ حکومت نے دلیل دی کہ عدالت کا بوجھ کم کرنے کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔
ریاست کے وزیر داخلہ بسواراج بومئی کی زیر قیادت ایک ذیلی کمیٹی نے اس کی سفارش کی تھی۔ کمیٹی نے اپنی سفارش میں کہا تھا کہ عدالتوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے ان کیسس کو واپس لیا جانا چاہئے۔ ان میں سے کئی اقدام قتل اور فساد بھڑکا نے کے سنگین فوجداری کیسس ہیں۔ اگست میں کابینہ نے ایسے 63 کیسس سے دستبرداری اختیار کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی تھی۔اس معاملے پر حکومت کا دفاع کرتے ہوئے وزیر قانون جے سی مدھو سوامی نے کہا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس قائدین کے خلاف مقدمات بھی سابق مخلوط حکومت میں واپس لیے گئے تھے۔
وہیں ریاست میں کانگریس کے کار گزار صدر سلیم احمد نے حکومت پر فساد اور تشدد بھڑکانے والے افراد کا دفاع کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نے بی جے پی کے خفیہ ایجنڈے کو بے نقاب کردیا ہے۔واضح رہے کہ وزیر جنگلات آنند سنگھ اور وزیر زراعت بی سی پاٹل پر تعزیرات ہند کی دفعہ 147،143 اور 339 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وہیں چیف منسٹر بی ایس یڈی یورپا کے سیاسی معتمد ایس پی رینوکا آچاریہ پر اقدام قتل کا مقدمہ درج تھا۔